حیدرآباد، 12/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) کئی دن تک مطلع ابرآلودرہنے کے بعد کل شام حیدرآباد میں شدید ترین بارش ہوئی۔جس کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک درہم برہم ہوگئی۔ بارش منگل کو 6:30بجے شام کے لگ بھگ شروع ہوئی اور شہر کے مختلف حصوں میں گرج وچمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
مشیرآباد‘ ایل بی نگر‘ ونستھلی پورم‘ سرورنگر‘ عنبرپیٹ‘ ملک پیٹ‘ چارمینار‘کاپرا‘ ملکاجگری‘ حمایت نگر‘ الوال‘ خیریت آباد‘ لنگم پلی‘ پٹن چیرو‘ امیر پیٹ‘قطب اللہ پور اور پڑوسی علاقوں میں گرج وچمک کے ساتھ شدید بارش ہوئی۔
شہر کے دوسرے حصوں میں بھی اوسط تاشدید بارش کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ سوسائٹی کی جانب سے 8بجے شب فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق مشیرآباد میں سب سے زیادہ 46.8 ملی میٹربارش ہوئی‘ جبکہ اوپل عنبرپیٹ اور چارمینار اور کاپرا میں کم وبیش 40 تا45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے بموجب شہر میں اعظم ترین درجہ حرارت31.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا جو جون کے دوران اب تک کا سب سے کم اعظم ترین درجہ حرارت ہے۔ اعظم ترین درجہ حرارت نارمل سے 3.4 ڈگری کم رہا اور اسی طرح رطوبت 65 فیصد رہی۔
محکمہ موسمیات نے آگے کی پیش قیاسی کرتے ہوئے بتایاہے کہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت 31 ڈگری سیلسیس اور33ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ مطلع ابرآلود رہے گا اورہلکی تا اوسط بارش ہوگی۔
تلنگانہ میں مختلف اضلاع جیسے سدی پیٹ‘ میدک‘ سنگاریڈی‘نرمل‘ میڑچل‘ کاماریڈی‘ نظام آباد میں قابل لحاظ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ چہارشنبہ کے دن ریاست اور شہر دونوں میں یلوالرٹ رہے گا۔ پیش قیاسی میں اس بات کا اشارہ دیاگیا ہے کہ اضلاع نظام آباد‘ راجناسرسلہ‘ کریم نگر‘ جئے شنکربھوپال پلی‘ ملگ‘بھدرادری کتہ گوڑم‘ محبوب آباد‘ ورنگل‘ہنمکنڈہ‘ سدی پیٹ‘ رنگاریڈی‘ میڑچل ملکاجگری‘ وقارآباد‘ سنگاریڈی‘ میدک وکاماریڈی میں کہیں کہیں شدید بارش ہوگی۔